ژوب ‘ڈپٹی کمشنر ژوب محمد عارف زرکون کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ نے شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل، غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف کریک ڈاو¿ن تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر صبح اور شام کے اوقات میں شہر کی اہم شاہراہوں پر کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔انتظامیہ کے مطابق کارروائیوں کے دوران سڑکوں پر قائم غیر قانونی ریڑھیوں، ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے والی پارکنگ اور دیگر تجاوزات کو ہٹایا جا رہا ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے عوام، تاجروں اور انجمن تاجران سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور خود بھی ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ضلعی انتظامیہ ژوب نے شہری سہولیات کی بہتری کے لیے صفائی مہم کا بھی آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کے تحت میونسپل کمیٹی کے عملے کو متحرک کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ نالوں کی صفائی اور کچرے کی بروقت تلفی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلد ہی شہر میں مزید ترقیاتی منصوبوں کا آغاز بھی متوقع ہے، جن سے عوام کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
You might also like