Daily Mashriq
Mashriq Newspaper

کوئٹہ تفتان بین الاقوامی شاہراہ پر ریت کے ٹیلے جمع ہونے لگی

نوکنڈی:کوئٹہ تفتان بین الاقوامی شاہراہ پر تیز ہواں کے باعث ریت کے بڑے بڑے ٹیلے سڑک پر جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے کے بعد مکمل طور پر بند ہو گئی ہے، جس کے باعث ٹرانسپورٹرز، زائرین اور عام مسافروں کو آمدورفت میں شدید مشکلات اور ہولناک روڈ حادثات کے خطرات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، نوکنڈی کے قریب علم ریگ کے مقام پر حالیہ دنوں میں تیز اور طوفانی ہواں کی شدت میں اضافے کے باعث ریت مسلسل شاہراہ پر جمع ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں کئی مقامات پر سڑک کی اصل حدود بھی یکسر غائب ہو چکی ہیں اور شاہراہ نے ریگستان کا منظر پیش کرنا شروع کر دیا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق، کوئٹہ تفتان شاہراہ پاکستان کی ایک انتہائی اہم بین الاقوامی گزرگاہ ہے جو ایران کے راستے ترکیہ اور یورپ تک تجارتی سرگرمیوں کے لیے مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ اس شاہراہ سے روزانہ سینکڑوں مال بردار گاڑیاں، امپورٹ ایکسپورٹ کے ٹرک، آئل ٹینکرز، زائرین کی بسیں اور مسافر کوچز گزرتی ہیں، تاہم ریت کے ان اونچے ٹیلوں نے اس اہم روٹ کو مسافروں کے لیے موت کا کنواں بنا دیا ہے۔ خاص طور پر رات کے اوقات میں ڈرائیورز کو گاڑیاں چلانے میں شدید دشواری پیش آتی ہے کیونکہ ہیڈ لائٹس کی کم روشنی اور ریت کی موٹی تہہ کے باعث سڑک اور اطراف کی کھائیوں کا فرق واضح نہیں رہتا۔متاثرہ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ شاہراہ پر ریت جمع ہونے سے بھاری گاڑیوں کے پھنسنے اور سلپ ہونے کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے، جبکہ حادثات کا خطرہ بھی کئی گنا بڑھ گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ کی جانب سے بروقت صفائی نہ کی گئی تو کسی بھی وقت کوئی بڑا المیہ رونما ہو سکتا ہے، جس میں بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے۔ ایران جانے والے زائرین اور مسافروں نے بھی شدید شکایت کی ہے کہ طویل سفر کے دوران شاہراہ پر ریت کے ٹیلے ان کے لیے مزید ذہنی اذیت اور گھنٹوں تاخیر کا سبب بن رہے ہیں۔نوکنڈی کے عوامی حلقوں اور مقامی قبائلی معززین نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی(این ایچ اے )اور حکومتِ بلوچستان سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ علم ریگ سمیت دیگر تمام متاثرہ مقامات پر فوری طور پر بھاری مشینری اور بلدوزر بھیج کر شاہراہ کو ریت سے صاف کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے سڑک کے اطراف حفاظتی دیواریں یا باڑ لگانے جیسے اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ تیز ہواں کے دوران ریت کو شاہراہ پر جمع ہونے سے روکا جا سکے اور اس بین الاقوامی تجارتی شاہراہ پر سفر محفوظ اور بلا تعطل جاری رہ سکے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More