بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اور ان کے شوہر ظہیر اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے درمیان تعلق کی حقیقت سب سے پہلے سلمان خان نے محسوس کرلی تھی، حالانکہ اس وقت دونوں نے خود بھی اپنے رشتے کا اعتراف نہیں کیا تھا۔
حال ہی میں نیہا دھوپیا اور انگد بیدی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے سوناکشی سنہا نے بتایا کہ ان کی اور ظہیر اقبال کی پہلی ملاقات سلمان خان کی ایک پارٹی میں ہوئی تھی۔ ان کے مطابق سلمان خان ابتدا ہی سے دونوں کے درمیان بڑھتی قربت کو محسوس کر چکے تھے، لیکن جب بھی وہ اس بارے میں سوال کرتے تو وہ یہی جواب دیتیں کہ ایسی کوئی بات نہیں۔
ظہیر اقبال نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سلمان خان کو اپنے رشتے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا، لیکن انہیں پہلے ہی سب اندازہ ہو چکا تھا۔ ان کے مطابق ایک ٹریکنگ ٹرپ کے دوران سلمان خان نے صرف اتنا کہا تھا، ’سب نظر آ رہا ہے‘۔ ظہیر کا کہنا تھا کہ سلمان نے نہ کوئی سوال کیا اور نہ ہی مزید گفتگو کی، مگر ان کا اشارہ صاف طور پر دونوں کے تعلق کی جانب تھا۔
رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی یہ پیش گوئی کہ دونوں کا رشتہ زیادہ دیر قائم نہیں رہے گا، درست ثابت نہ ہوسکی۔ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے تقریباً سات برس تک خاموشی کے ساتھ ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا، 2022 میں فلم ڈبل ایکس ایل میں ایک ساتھ کام کیا اور بعد ازاں جون 2024 میں ممبئی میں سادہ تقریب کے دوران رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔ آج بھی دونوں خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔
