بیلجیم کے علاقے مشرقی فلینڈرز میں مکان کی مرمت کے دوران مزدوروں کو دیواروں کے اندر سے اربوں روپے مالیت کا سونا مل گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مکان میں نئے سیوریج پائپ بچھانے کے لیے ڈرلنگ کا کام جاری تھا کہ اچانک دیواروں کے اندر سے سونے کی اینٹیں اور سکے برآمد ہو گئے۔
برآمد ہونے والے سونے کے سکوں اور اینٹوں کی مالیت تقریباً 90 لاکھ یورو بنتی ہے۔ جس کی پاکستانی کرنسی میں مالیت تقریباً 2 ارب 89 کروڑ روپے ہے۔
پولیس کے مطابق موقع پر موجود 18 سالہ طالب علم اور مزدور نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں لگا کہ شاید عام سکے ہیں، تاہم سونے کی اینٹ سامنے آنے کے بعد انہیں خزانے کی اصل مالیت کا اندازہ ہوا۔ خزانہ ملنے پر مزدوروں نے اسے چھپانے کے بجائے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
سائٹ مینیجر ماریو اور مزدور کوبے نے کہا کہ اتنی بڑی مالیت کا سونا اپنے پاس رکھنا نہ صرف ناممکن تھا بلکہ قانون کے تحت چوری کے زمرے میں بھی آتا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تمام سونا اپنی تحویل میں لے لیا اور اسے محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔
حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ مزید خزانے کی تلاش کے لیے مذکورہ مقام کا رخ نہ کریں۔

