ایران کا خارگ جزیرے پر امریکی حملہ امارات سے ہونےکا دعویٰ، یو اے ای نے الزام مسترد کردیا – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

ایران کا خارگ جزیرے پر امریکی حملہ امارات سے ہونےکا دعویٰ، یو اے ای نے الزام مسترد کردیا

ایران نے متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کی نئی دھمکی دی ہے۔

 

ایران میں خارگ جزیرے پر امریکی حملوں کے بعد جاری بیان میں ایرانی فوج کے ترجمان نے امارات میں موجود شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ ممکنہ ہدف بننے والے علاقوں، بندرگاہوں، ڈاکس اور امریکی پناہ گاہوں سے دور رہیں۔

 

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ انہی مقامات سے ایران کو نشانہ بنایا گیا تھا، اس لیے جوابی کارروائی میں امارات میں موجود امریکی اہداف کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا نے خارگ جزیرے میں تقریباً 90 فوجی تنصیبات پر حملے کیے تھے۔ ایران کا کہنا ہے کہ ان حملوں سے اتنی تباہی نہیں ہوئی جتنی بتائی جا رہی ہے، تاہم اس نے خبردار کیا ہے کہ اب وہ مزید خطرناک اور تباہ کن ہتھیار استعمال کر سکتا ہے۔

 

دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے خارگ جزیرے پر حملے کے لیے اپنی سرزمین استعمال ہونے کے ایرانی الزام کو مسترد کر دیا ہے۔ اماراتی سفارتی مشیر نے کہا کہ ایرانی جزیرے پر حملہ یو اے ای کی سرزمین سے نہیں کیا گیا اور ایران کا مؤقف غیر منطقی ہے۔

 

ادھر ایران نے گزشتہ روز امارات کی فجیرہ پورٹ پر ڈرون حملہ بھی کیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق اس حملے کے بعد فجیرہ پورٹ پر بعض آئل لوڈنگ آپریشنز عارضی طور پر معطل ہو گئے اور متاثرہ مقام پر آگ بھڑک اٹھی جس سے علاقے میں دھواں پھیل گیا۔

 

اماراتی حکام کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے 9 بیلسٹک میزائل اور 33 ڈرون تباہ کر دیے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.