پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان کو شدید دباؤ سے گزرنا پڑا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان کا ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنے کو کہا گیا جس میں انہوں نے سری لنکا کے خلاف ٹیم کی تاریخی جیت اسرائیل کے ہاتھوں نسل کشی کا سامنا کرنے والے فلسطینیوں کے نام کی تھی۔
تاہم ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ بین الاقوامی کرکٹ اور قانونی شعبہ یہاں متعلقہ ہے کیونکہ میں اس معلومات سے باخبر نہیں ہوں۔
دی نیوز کو دستیاب دستاویزی ای میلز سے انکشاف ہوا کہ ڈیفا (Dafa) نیوز کے ساتھ ان کی شراکت داری سمیت پاکستان میں سروگیٹ بیٹنگ کمپنیوں کے ساتھ پی سی بی کے تعاون کے باوجود بابر اعظم (پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان) نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر ان غیر قانونی کمپنیوں کی جانب سے کروڑوں روپے کی پیشکش کو ٹھکرا دیا۔ جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قواعد کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈیفا نیوز کی طرح ایک سروگیٹ بیٹنگ اسپانسر کے طور پر اسپانسرشپ کو قبول کر لیا جس نے مبینہ طور پر نا صرف پاکستان میں تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کام کرنے کے لیے 150 سے زائد غیر قانونی سروگیٹ بیٹنگ سائٹس اور ایپس کے لیے فلڈ گیٹ کھول دیا بلکہ مبینہ طور پر پی ایس ایل کی کچھ فرنچائزز نے انفرادی سطح پر کھلاڑیوں کو شرٹ کے لوگو قبول کرنے اور ان غیر قانونی جوا کھیلنے والی کمپنیوں کو تصویر کے حقوق دینے پر مجبور کیا۔