شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے کہا ہے کہ اگر جنوبی کوریا اور اس کے اتحادی امریکا نے حملہ کیا تو وہ بھی ’بغیر کسی ہچکچاہٹ‘ کے جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے دریغ نہیں کریں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں سے خراب ہیں، رواں ہفتے سیئول نے ایک فوجی پریڈ میں بنکر کو تباہ کرنے والے میزائل کی نمائش کی اور صدر یون سک یول نے کم جونگ اُن کو خبردار کیا کہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا مطلب ہے کہ ان کی خود کی حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا۔
پیانگ یانگ بھی جنوبی کوریا پر غباروں سے بمباری کر رہا ہے، اے ایف پی کے صحافیوں کی جانب سے بھی ایک ایسا ہی منظر دیکھا گیا ہے، سیئول کی فوج نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہوں ان غباروں کی لانچنگ کا گڑھ معلوم کرلیا ہے۔
سرکاری کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق کم جونگ اُن نے کہا کہ اگر دشمن کی طاقتیں شمال کی خودمختاری پر تجاوز کر رہی ہیں تو پیانگ یانگ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے جوہری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے جارحانہ قوتوں کا مظاہرہ کرے گا۔