وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت دنیا میں چمک رہا ہے جبکہ مشرقی سرحد کے دوسری طرف تاریکی ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں سفارتی اور عسکری سطح پر پاکستان کا ایک مقام ہے، مشرقی سرحد کے اس پار تنہائی، ناکامی اور رسوائی ہے، اس کے سوا کچھ نہیں۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی مشرقی سائیڈ سے کبھی مذمت تک نہیں کی گئی، پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث کلبھوشن کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔
انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان دنیا بھر میں امن کا علم بردار بن کر ابھرا، معرکۂ حق سفارتی سطح پر بھی لڑا گیا اور پاکستان کامیابی سے ہم کنار ہوا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلگام واقعے کے ثبوت مانگے تو بھارت کے پاس خاموشی کے سوا کچھ نہیں تھا، بھارت دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے اور پاکستان دہشت گردی کا مقابلہ کر رہا ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ دنیا میں لوگ پاکستان سے اپنے تعلق پر فخر محسوس کرتے ہیں، پاکستان نے ایک ذمے دار ریاست کے طور پر پہلگام واقعے پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر طبقہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہا ہے، اے پی ایس ہو یا جعفر ایکسپریس کا واقعہ، ہمارا ہر طبقہ دہشت گردی کی جنگ میں قربانیاں دے رہا ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے یہ بھی کہا کہ دوسری جانب ایک ایسا ملک ہے جس کا کبھی کلبھوشن پکڑا جاتا ہے اور کبھی ابھینندن۔