شرح سود میں کمی سے ملکی معیشت بہتر ہوئی، پوری دنیا معترف ہے: عطا تارڑ – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

شرح سود میں کمی سے ملکی معیشت بہتر ہوئی، پوری دنیا معترف ہے: عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں شرح سود کم ہونے سے ملکی معیشت بہتر ہوئی جس کی پوری دنیا معترف ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان کو تسلیم کررہی ہے، سعودی عرب سے بھی ایک اعلیٰ سطح کا وفد تشریف لارہا ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہ کانفرنس بھی پاکستان میں ہونے جارہی ہے، 12 ممالک کے سربراہان شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری، تجارت اور سیاحت کیلئے نئی جگہ بننے جارہا ہے، ہماری نئی پالیسی کی کامیابی تیزی سے جاری ہے، پاکستان کے بارے میں ہر ملک مثبت بات کررہا ہے، کامیابیوں کا سفر جاری وساری ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے ساتھ پاکستان کے دوستانہ تعلقات ہیں، ملائیشین وزیراعظم کا پاکستان آکر سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کرنا خوش آئند ہے، یہ دورے پاکستان کی معیشت میں بہتری لائیں گے، ایکسپورٹ میں اضافہ ،تجارتی خسارے میں واضح کمی ہوگی، یہاں سے گوشت اور چاولوں کی ایکسپورٹ کو بڑھایا جائے گا، پاکستان سے 1لاکھ ٹن چاول ایکسپورٹ کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام سے ہماری معیشت مستحکم ہوئی، ورلڈبینک کے ایم ڈی نے ہماری تعریف کی، انہوں نے کہا آپ کے ٹیکس ریفارمز اچھے ہیں، اس ملک میں لوگ ٹیکس ہی نہیں دیتے تھے، اب ملک میں ٹیکس فائلرز دگنا ہوگئے ہیں، ٹیکس کلیکشن زیادہ ہوگی تو عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں میں اضافہ ہوگا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.