قانون دان شگیرو اشیبا حکمران جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کی قیادت کے لیے پانچویں اور آخری کوشش میں سخت مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد جاپان کے اگلے وزیر اعظم بننے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق شگیرو اشیبا نے سخت گیر قوم پرست پرست رہنما سنائے ٹکائچی کے خلاف رن آف ووٹ میں کامیابی حاصل کی، جسے جاپان میں دہائیوں میں ہونے والے قیادت کے غیر معمولی انتخابات کے طور پر دیکھا گیا جس میں ریکارڈ 9 امیدواران میدان میں تھے۔
لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما جنہوں نے جاپان پر جنگ کے بعدکے دور میں تقریباًً مکمل طور پر حکمرانی کی ہے، ان کو پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل ہونے کی وجہ سے اگلا وزیراعظم تصور کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ موجودہ وزیراعظم فومیو کشیدا نے اگست میں متعدد اسکینڈلز کے بعد استعفیٰ دینے کے اعلان کیا، جس کے بعد ان کی جگہ نئے وزیراعظم کے انتخاب کی بھاگ دوڑ شروع ہوئی۔