وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ یواین قراردادوں پر عدم عملدرآمد نے مشرق وسطیٰ کو خطرات سے دوچار کر دیا، غزہ میں خونریزی پر خاموش نہیں رہا جا سکتا، اسرائیلی مظالم روکنا ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس سے خطاب کا آغاز قرآن پاک کی آیات سے کیا، وزیراعظم نے جنرل اسمبلی کے صدر کو انتخاب پر مبارکباد بھی دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی سے بطور وزیراعظم دوسری بار خطاب باعث اعزاز ہے، موجودہ حالات میں دنیا کو بےشمار چیلنجز کا سامنا ہے، غزہ پراسرائیل کی جارحیت جاری ہے، غزہ پراسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کےالمناک سانحہ نے انسانیت کو ہلا کر رکھ دیا ہے، معصوم بچوں، عورتوں اور نہتے شہریوں کے قتل پرخاموش نہیں رہا جاسکتا، نہتے فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائےگا، عالمی برادری کو پائیدارامن اور دوریاستی حل کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔