کوئٹہ/لورالائی: صوبائی وزیر و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ہدایات کی روشنی میں ملاوٹی دودھ اور دہی کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی خصوصی مہم جاری ہے جس کے تحت کوئٹہ اور لورالائی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے دودھ کی دکانوں، دودھ بردار گاڑیوں اور سپلائی ذرائع کی بھرپور چیکنگ کی۔نوحصار، خیزی چوک، خدائیداد روڈ، کاسی روڈ، کواری روڈ اور ملحقہ علاقوں سمیت لورالائی میں کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 64 فوڈ بزنس یونٹس کا معائنہ کیا گیا، جبکہ 14 یونٹس کو جرمانے عائد کیے گئے۔موبائل لیبارٹریز کے ذریعے موقع پر 12,520 لیٹر دودھ اور 600 کلو دہی کی فوری جانچ کی گئی۔ ٹیسٹنگ کے دوران ملاوٹ اور ناقص معیار ثابت ہونے پر 320 لیٹر دودھ اور 60 کلو دہی موقع پر تلف کر دیا گیا۔فوڈ سیفٹی ٹیموں کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور اسکمڈ ملک پاڈر کے استعمال کے شواہد سامنے آئے۔لورالائی میں 7 دودھ کی دکانوں کے خلاف پانی کی ملاوٹ، اسکمڈ ملک پاڈر، ناقص صفائی اور بی ایف اے لائسنس کی عدم موجودگی پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔کوئٹہ میں دودھ بردار گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، رکشوں، دودھ کی دکانوں اور مشتبہ مقامات جہاں سے دودھ سپلائی کیا جارہاتھا کی اسنیپ چیکنگ کی گئی، جبکہ متعدد کاروباری مراکز کو بہتری کے نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے دودھ کی سپلائی چین میں صفائی، ذاتی حفظانِ صحت، مناسب اسٹوریج اور بی ایف اے کے ایس او پیز پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے حبیب اللہ خان نے واضح کیا ہے کہ ملاوٹی اور غیر معیاری دودھ کی فروخت و سپلائی کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا،عوام کو محفوظ اور معیاری دودھ و دیگر ڈیری مصنوعات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، حالیہ جاری مہم کا مقصد ملاوٹ کےمکروہ دھندے کا مکمل خاتمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے ذریعے موقع پر فوری جانچ اور دودھ کی سپلائی چین کی نگرانی کا عمل جاری رہے گا جبکہ ملاوٹ اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
You might also like
