بلوچ لوک گلوکارہ مائی صوبھائی کا قتل، حقیقت کیا ہے؟

بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں معروف بلوچ لوک گلوکارہ مائی صوبھائی کے قتل سے متعلق خبریں گزشتہ چند روز سے زیر گردش ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مائی صوبھائی کو بدھ کو ڈیرہ بگٹی میں فائرنگ کرکے قتل کیے جانے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔ یہ خبر سب سے پہلے سوشل میڈیا پر گردش کرنا شروع ہوئی، جس کے بعد مختلف ٹی وی چینلز اور قومی اخبارات نے بھی اسے نشر اور شائع کیا۔

تاہم بعد میں یہ رپورٹ بھی سامنے آئی کہ مائی صوبھائی کے قتل سے متعلق اطلاعات درست نہیں تھیں اور معروف بلوچ لوک گلوکارہ کئی دہائیاں قبل ہی انتقال کرچکی تھیں۔ مگر ان اطلاعات کے مصدقہ ہونے سے متعلق بھی کسی قسم کے شواہد تاحال سامنے نہیں آسکے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر جنوبی ڈیرہ بگٹی کے مطابق بعض ٹی وی چینلز، اخبارات اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مائی صوبھائی کے قتل سے متعلق خبریں نشر و شائع کی گئیں، تاہم ان خبروں میں بیان کردہ واقعے سے متعلق معلومات حقائق پر مبنی نہیں اور غیر مصدقہ ہیں۔

واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر نے اپنی اس وضاحت میں یہ نہیں بتایا کہ مائی صوبھائی کا قتل یا انتقال کب اور کیسے ہوا تھا؟

انہوں نے کہا کہ حساس نوعیت کے واقعات سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات کی تشہیر سے عوام میں بے چینی اور غلط فہمی پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ علاقے کی امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بھی منفی تاثر پیدا ہو سکتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے اپیل کی کہ حساس نوعیت کے واقعات سے متعلق کوئی بھی خبر نشر یا شائع کرنے سے قبل ضلع انتظامیہ اور پولیس کے مجاز حکام سے حقائق کی تصدیق ضرور کی جائے تاکہ غلط معلومات کے پھیلاؤ سے گریز کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت کا تقاضا ہے کہ کسی بھی واقعے کی رپورٹنگ میں تصدیق شدہ معلومات کو ترجیح دی جائے اور غیر مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر خبریں نشر کرنے سے اجتناب کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر جنوبی ڈیرہ بگٹی نے متعلقہ میڈیا اداروں سے بھی درخواست کی کہ مائی صوبھائی کے قتل سے متعلق نشر و شائع کی گئی غلط معلومات کی مناسب تصحیح اور وضاحت جاری کی جائے تاکہ عوام کے سامنے حقائق واضح ہو سکیں۔

جنوبی ڈیرہ بگٹی کے رہائشی سعید بگٹی کا بیان
مائی صوبھائی کو قتل کرنے کی خبروں پر جنوبی ڈیرہ بگٹی کے ایک رہائشی سعید بگٹی کا بیان بھی سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں انہوں نے بھی اس خبر کو جھوٹا قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ مائی صوبھائی کو مرے ہوئے 40 سال سے زائد ہو چکے ہیں۔ غلط خبر سے پوری بگٹی قوم کی کردار کشی ہورہی ہے ، یہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تاہم سعید بگٹی نے بھی مائی صوبائی کے قتل کی تاریخ، سال یا وجوہات سے متعلق کوئی تفصیل نہیں بتائی۔ نہ ہی اب تک لوک گلوکارہ کے کسی قریبی رشتے دار، عزیر و اقارب کی طرف سے کوئی تردید یا تصدیق سامنے آئی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P