وزیراعظم شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی و غذائی تحفظ کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب نے زرعی و غذائی مصنوعات کی تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے، جبکہ آئندہ دو سال کے دوران سعودی عرب کو پاکستانی زرعی و غذائی برآمدات 3 ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی تعاون کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق چاول، سرخ گوشت، پھل، کنسنٹریٹس اور سبز چارہ ترجیحی شعبے قرار دیے گئے ہیں، دونوں ممالک نے پانی کے مؤثر استعمال پر مبنی جدید زرعی ٹیکنالوجیز، آب پاشی اور چھوٹے کاشتکاروں کے لیے پروگرامز میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ سعودی عرب نے پاکستان سے چاول کی درآمد مزید بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، پاکستان نے 2025ء میں سعودی عرب کو تقریباً 169 ہزار ٹن چاول برآمد کیے، جن کی مالیت تقریباً 163 ملین ڈالر رہی۔
سعودی فریق نے پاکستانی سرخ گوشت کی درآمد بتدریج دوگنا کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے، پاکستان اس وقت سالانہ تقریباً 30 ہزار ٹن سرخ گوشت سعودی عرب برآمد کر رہا ہے، جس کی مالیت تقریباً 167 ملین ڈالر ہے۔
دونوں ممالک نے پھلوں اور کنسنٹریٹس کی تجارت بڑھانے اور سعودی مارکیٹ میں پاکستانی پھلوں کا برآمدی حصہ بڑھانے کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا۔
نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط اور میچ میکنگ آسان بنانے، زرعی مصنوعات کی معیار کی سرٹیفکیشن کی باہمی منظوری کے لیے اقدامات کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔
سعودی فریق نے سبز چارے کو طویل المدتی سپلائی پارٹنرشپ کے لیے امید افزا شعبہ قرار دیا، بھکر میں پانی کے مؤثر استعمال پر مبنی آبپاشی پروگرام کے پہلے مرحلے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے سعودی عرب نے چھوٹے کاشتکاروں کے لیے پروگرام کے دوسرے مرحلے میں دلچسپی ظاہر کی۔
اعلامیے میں بتایا کہ لائیو سٹاک، ایگری فوڈ پراسیسنگ اور چاول کی ویلیو چین میں سرمایہ کاری کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا جب کہ دونوں ممالک نے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون کے لیے رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت کی قیادت میں سعودی وفد نے 26 سے 28 اگست 2026ء تک اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں زرعی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے تاریخی برادرانہ تعلقات اور وسیع تر اسٹریٹجک شراکت داری کا اعادہ بھی کیا گیا۔
سعودی عرب نے پاکستان کو انٹرنیشنل ڈیٹس کونسل میں شمولیت کی ترغیب دی، جبکہ پاکستان نے 43ویں سعودی ایگریکلچر نمائش میں شرکت کی دعوت کا خیرمقدم کیا۔ سعودی ایگریکلچر نمائش 19 سے 22 اکتوبر 2026ء تک ریاض میں منعقد ہوگی۔
پاکستان اور سعودی عرب نے زرعی تعاون کے مشترکہ اعلامیے کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
