سٹیٹ بینک آف پاکستان کا 10 روپے کا نوٹ بند کرنے کا اعلان

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین نے نئے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک نے بتایا کہ سٹیٹ بینک نے 10 روپے کا کرنسی نوٹ ختم کرنے کی درخواست کر دی ہے، آئندہ نئے نوٹوں میں 10 روپے کا نوٹ نہیں چھاپا جائے گا اور اس کی جگہ سکہ جاری کیا جائے گا۔

ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک کے مطابق 10 روپے کے کرنسی نوٹ کی لاگت بڑھ گئی ہے جس کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا گیا، نئے کرنسی نوٹ جب بنیں گے تو 10 روپے کا نوٹ ختم ہو گا۔

سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ مرکزی بینک کا نئے نوٹوں کا ڈیزائن وزیر خزانہ کی زیر صدارت قائم کمیٹی نے مسترد کر دیا ہے۔

ڈاکٹر عنایت حسین نے کہا کہ کمیٹی کی تجویز پر نئے فیچرز اور ڈیزائن میں تبدیلی کیلئے تجاویز کو شامل کیا جا رہا ہے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر مرکزی بینک نے کہا کہ نئے نوٹوں میں بھی جعلی نوٹوں کو کنٹرول نہیں کیا جا سکے گا۔

مرکزی بینک حکام کے مطابق اس وقت ایک ہزار اور 5 ہزار روپے کے جعلی نوٹ سب سے زیادہ سرکولیشن میں ہیں۔

چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے انکشاف کیا کہ بینکوں اور اے ٹی ایمز مشینوں سے جعلی کرنسی نکل رہی ہے، جعلی نوٹ اتنے بڑھ گئے کہ دکاندار اب 5 ہزار اور ایک ہزار روپے کا نوٹ نہیں لیتا۔

ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان میں دوسری کرنسیوں کی نسبت جعلی کرنسی کی سرکولیشن کم ہے۔

چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ موجودہ کرنسی 2005 سے چھپنی شروع ہوئی، اب تمام نئے نوٹ ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کنسلٹنٹ کی کمپنی سے ہی نوٹ ڈیزائن کرنے کا معاہدہ کر لیا گیا ہے۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ سٹیٹ بینک ان کا 15 ہزار روپے کا قرضدار ہو گیا ہے، دو سال سے رقم واپس نہیں کی گئی۔

چیئرمین کمیٹی کے مطابق سٹیٹ بینک کو دو سال پہلے تین نوٹ دیئے تھے جو اب تک واپس نہیں آئے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P