بلوچستان کے ضلع خضدار کے شور پرود کے پہاڑی سلسلے میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خضدار کے شور پرود کے پہاڑی علاقے میں فتنہ الہندوستان کی موجودگی کی اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے مختلف ٹھکانوں کو گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 10 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دہشت گردوں کی موجودگی کے ممکنہ مقامات کی تلاشی کا عمل شروع کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مزید تیز کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے، فورسز کی جانب سے علاقے میں مشتبہ ٹھکانوں اور راستوں کی بھی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، ملک میں امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پرکارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خضدار میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی جرأت اور بہادری کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ بہادری اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

