ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے نیشنل کنیکٹیوٹی پلان کو حتمی شکل دینے کا عمل تیز

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت آئی ٹی تمام متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد منصوبے کو جلد حتمی شکل دے گی۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل کنیکٹیوٹی پلان میں ٹیلی کام شعبے سے متعلق اہم قانونی اصلاحات، پالیسی اقدامات اور ٹیلی کام کمپنیوں کی ذمہ داریوں کا تعین شامل ہوگا، منصوبے میں فائیو جی ٹیکنالوجی اور فائبر انٹرنیٹ کی توسیع کو بھی ترجیح دی گئی ہے۔

 

ذرائع کے مطابق حکومت فری لانسرز، آئی ٹی پروفیشنلز اور عام صارفین کو سستا اور تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی، جبکہ چھوٹے شہروں، دیہی اور دور دراز علاقوں تک بھی تیز رفتار انٹرنیٹ کی رسائی یقینی بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

 

منصوبے کے تحت سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں اور صحت مراکز میں فکسڈ براڈ بینڈ کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے، جبکہ دور دراز علاقوں کے انٹرنیٹ صارفین کو ٹیکس میں ریلیف دینے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق حکومت نے فکسڈ براڈ بینڈ کی اوسط رفتار 30 ایم بی پی ایس سے بڑھا کر 85 ایم بی پی ایس کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، اسی طرح پاکستان کو براڈ بینڈ کارکردگی کے لحاظ سے دنیا کے ٹاپ 50 ممالک میں شامل کرنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے، جبکہ اس وقت پاکستان اس درجہ بندی میں 92ویں نمبر پر ہے۔

 

منصوبے میں فائبر نیٹ ورک کی تیز رفتار توسیع بھی شامل ہے اور آئندہ تین برس کے دوران موبائل ٹاورز کی فائبرائزیشن 16 فیصد سے بڑھا کر 60 فیصد تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، فائبر بچھانے کی فیس ختم کرنے اور تمام متعلقہ منظوریوں کے لیے ون ونڈو نظام متعارف کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P