نال (آن لائن) نال اور گرد و نواح میں عطائی ڈاکٹروں کا کاروبار عروج پر پہنچ چکا ہے، جہاں غیر تربیت یافتہ افراد انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ مختلف علاقوں میں عطائی ڈاکٹر بغیر کسی قانونی اجازت اور طبی مہارت کے مریضوں کا علاج کر رہے ہیں، جس کے باعث کئی مریض پیچیدہ بیماریوں اور صحت کے مسائل کا شکار ہو رہے ہیں۔شہریوں کے مطابق عطائی ڈاکٹروں کی جانب سے غیر معیاری ادویات کے استعمال اور غلط تشخیص کی وجہ سے مختلف قسم کی بیماریاں پھیل رہی ہیں، جبکہ بعض مریضوں کی حالت بھی تشویشناک ہو چکی ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ اس سنگین مسئلے کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے مو¿ثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔عوام نے محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عطائی ڈاکٹروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، غیر قانونی کلینک سیل کیے جائیں اور عوام کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صحت کے شعبے میں قانون پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں انسانی جانوں کو لاحق خطرات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
