74 سال بعد بین الاقوامی ٹائٹل جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد، قومی ہیرو شہک دوست کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان

کوئٹہ(یو این اے )صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان بلوچستان مینا مجید بلوچ نے ڈائمنڈ جوبلی فٹبال ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بلوچستان کے ابھرتے ہوئے فٹبالرز کے لیے خصوصی انعامات کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے نوشکی سے تعلق رکھنے والے قومی فٹبال ہیرو شہک دوست کے لیے 20 لاکھ روپے جبکہ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی علی آغا کے لیے 5 لاکھ روپے انعام دینے کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔ اپنے ایک تہنیتی بیان میں صوبائی مشیرِ کھیل مینا مجید بلوچ نے کہا کہ ڈائمنڈ جوبلی فٹبال ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی تاریخی کامیابی نہ صرف پاکستان بلکہ بالخصوص بلوچستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 74 سال کے طویل عرصے کے بعد کسی بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنا ایک عظیم اور تاریخی کامیابی ہے، جس پر پوری قوم اور تمام کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔صوبائی مشیرِ کھیل نے کہا کہ شہک دوست اور علی آغا نے بین الاقوامی سطح پر بہترین کھیل پیش کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ اور لاجواب صلاحیتیں موجود ہیں، اگر انہیں مناسب مواقع، جدید سہولیات اور بہتر پلیٹ فارم فراہم کیے جائیں تو وہ دنیا بھر میں پاکستان اور بلوچستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان بلوچستان صوبے میں فٹبال سمیت دیگر تمام کھیلوں کے فروغ کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے اور نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے مختلف سطحوں پر مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتِ بلوچستان نوجوان کھلاڑیوں کی سرپرستی اور ان کی استعداد کار بڑھانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔مینا مجید بلوچ نے صوبے کے فٹبال شائقین کو خوشخبری سناتے ہوئے مزید کہا کہ بہت جلد صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں “چوتھا آل پاکستان وزیراعلی بلوچستان فٹبال گولڈ کپ” منعقد کیا جائے گا، جس میں ملک بھر سے نامور اور صفِ اول کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس بڑے ایونٹ کے انعقاد کا مقصد نہ صرف فٹبال کے کھیل کو فروغ دینا ہے بلکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک مثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ بلوچستان کھیلوں کے شعبے کی ترقی، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور بین الاقوامی سطح پر صوبے کے ٹیلنٹ کو متعارف کرانے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی تاکہ بلوچستان کے مزید نوجوان قومی اور عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کر سکیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P