ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی پارلیمان جلد آبنائے ہرمز سے متعلق قانون سازی کی منظوری دے گی۔
اس حوالے سے تہران سے ایرانی پارلیمنٹ کے پریذائیڈنگ بورڈ کے رکن علی رضا سلیمی نے اپنے بیان میں کہا کہ پارلیمنٹ میں جلد ایسے بل پر ووٹنگ ہوگی جو ہرمز کے انتظام میں ایران کے اختیار سے متعلق ہے۔
علی رضا سلیمی نے کہا کہ منصوبے سے متعلق تمام تفصیلات کو پارلیمان کی منظوری کے بعد حتمی شکل دی جائے گی، آبنائے ہرمز ایران اور عمان کے علاقائی پانیوں کے درمیان واقع ہے۔
علی رضا سلیمی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ اور دیگر لوگ کہتے ہیں کہ آبنائے ہرمز کو کھلا رہنا چاہیے، یہ معاملہ ہم سے متعلق ہے اور ہم انہیں اس بارے میں فیصلہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہرمز کے انتظام سے متعلق فیصلے عارضی یا وقتی نوعیت کے نہیں بلکہ حتمی اور مستقل ہیں۔