فیلڈمارشل سید عاصم منیر ، ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے قوم اور افواج کے افسران و جوانوں کو معرکہ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افواج پاکستان کے سربراہان نے مشترکہ تہنیتی پیغام میں کہا کہ قومی یکجہتی ، احترام اور تشکر کے ساتھ منایا جانے والا یہ اہم دن پیشہ ورانہ مہارت ، ہمت اور اتحاد کے پائیدار جذبے کا ثبوت ہے ، مسلح افواج ہمیشہ پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، لازوال رشتے کو جذبہ خدمت کے ساتھ فخر سے نبھا رہی ہیں ۔
معرکہ حق ملکی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل بن گیا ، جو قومی عزم ، عسکری مہارت اور حکمت عملی کی پختگی کی عکاسی کرتا ہے ، اس عظیم کامیابی نے نہ صرف قومی اعتماد کو مضبوط کیا بلکہ پاکستان کو ایک ذمہ دار اور مستحکم علاقائی قوت کےطورپر بھی اُجاگر کیا ۔
معرکہ حق کے دوران پاکستان کے پُرعزم اور مؤثر ردِعمل نے دشمن کی سازشوں ، فالس فلیگ کے جھوٹے بیانیے اور گمراہ کن پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا، جس کے نتیجے میں دشمن کو عالمی سطح پر رسوائی اٹھانا پڑی ، پراکسی دہشت گردی سمیت روایتی اور ہائبرڈ چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود مسلح افواج نے زمینی ، فضائی ، بحری ، سائبر اور معلوماتی ڈومینز میں اعلیٰ آپریشنل صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
معرکہ حق کےبعد پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرتے ہوئے مکمل سپیکٹرم ڈیٹرنس کو تقویت دی ہے ، عظیم فتح مسلح افواج کی تیاری ، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے ، جس نے مسلح افواج پر عوام کے اعتماد کو فیصلہ کن طور پر مضبوط کیا ، معرکہ حق کی کامیابی کا پہلا سال اس امر کی توثیق کرتا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پُرعزم اور ثابت قدم ہے ۔
پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بامعنی مذاکرات، باہمی احترام اور بین الاقوامی قانون اور انصاف کے اصولوں کی پاسداری کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ قوم کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ، مسلح افواج پاکستان کی سلامتی، استحکام اور علاقائی سالمیت کو یقینی بناتےہوئے تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مستعد اور پوری طرح تیار ہیں ۔