گنداواہ جھل مگسی (نامہ نگار )محکمہ بی اینڈ آر (روڈ) جھل مگسی کی مبینہ غفلت ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گئی ہے، جہاں گنداواہ میں واقع مین پل کی تعمیر مکمل ہونے کے باوجود اس کے اطراف میں بنیادی حفاظتی اور مرمتی اقدامات کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ پل کے دونوں جانب گہرے کھڈے تاحال نہ بھرے جا سکے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو کر رہ گئی ہے اور عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق صورتحال دن بدن سنگین ہوتی جا رہی ہے، گاڑیاں انتہائی احتیاط کے ساتھ بمشکل پل سے گزر رہی ہیں، جبکہ ذرا سی بے احتیاطی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ خصوصاً رات کے اوقات میں روشنی کے مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث خطرات میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے، جس سے مسافروں اور ڈرائیورز میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ علاقہ مکینوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پل کی ادھوری تکمیل دراصل متعلقہ حکام کی غفلت اور عدم دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت کوئی افسوسناک حادثہ پیش آ سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ محکمہ پر عائد ہو گی۔عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سے فوری نوٹس لینے کا پرزور مطالبہ کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ پل کے اطراف کھڈوں کو ہنگامی بنیادوں پر پر کیا جائے، حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور سڑک کو مکمل طور پر قابلِ استعمال بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے اور قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔