کوئٹہ( یو این اے )صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں عیدالفطر کی آمد میں صرف دو دن باقی رہ گئے ہیں، جس کے باعث شہر بھر میں خریداری کا سلسلہ اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے۔ بازاروں، مارکیٹوں اور شاپنگ مراکز میں عوام کا بے پناہ رش دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں خواتین، بچوں اور مرد حضرات کی بڑی تعداد عید کی تیاریوں میں مصروف ہے تفصیلات کے مطابق شہر کے بڑے تجارتی مراکز خصوصی لیاقت بزار پرنس روڈ، جناح روڈ اور دیگر اہم بازاروں میں خریداروں کا ہجوم دن اور رات کے اوقات میں بڑھتا جا رہا ہے۔ خواتین کی بڑی تعداد کپڑوں، جوتوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی خریداری کے ساتھ ساتھ بیوٹی پارلرز اور چوڑی گلی کا رخ کر رہی ہیں، جہاں عید کی مناسبت سے خصوصی تیاریاں کی جا رہی ہیں دوسری جانب مرد حضرات نے بھی عید کی تیاریوں کے لیے حماموں اور سیلونز میں پیشگی بکنگ کروانا شروع کر دی ہے تاکہ عید کے دن کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بچوں میں بھی عید کی آمد کے حوالے سے جوش و خروش عروج پر ہے اور وہ اپنے لیے نئے کپڑوں اور جوتوں کی خریداری میں مصروف ہیں کوئٹہ شہر میں بڑھتے ہوئے رش کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دے دیا ہے۔ اس پلان کے تحت لیاقت کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے تاکہ پیدل چلنے والوں کو سہولت فراہم کی جا سکے اور ٹریفک کے بہا کو بہتر بنایا جا سکے۔ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ادھر یو این اے کے مطابق عیدالفطر کے موقع پر قبرستانوں میں بھی صفائی ستھرائی کے کاموں کو تیز کر دیا گیا ہے۔ روایت کے مطابق عید کے تینوں دن عوام کی بڑی تعداد اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری دیتی ہے، فاتحہ خوانی کرتی ہے اور پھول چڑھاتی ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے صفائی اور دیگر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔کوئٹہ کی مشہور پھول گلی میں بھی غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں پھولوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ دکانداروں کے مطابق گلاب کی پتیاں فی کلو 800 روپے تک پہنچ گئی ہیں، جو کہ عید کے قریب طلب میں اضافے کا نتیجہ ہے۔ شہری اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول چڑھانے کے لیے بڑی تعداد میں خریداری کر رہے ہیں مجموعی طور پر کوئٹہ شہر میں عیدالفطر کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، تاہم بڑھتے ہوئے رش، مہنگائی اور ٹریفک کے مسائل شہریوں کے لیے چیلنج بھی بن رہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خریداری کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے جبکہ کوئٹہ پولیس کی جانب سے سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے گاڑیوں اور موٹرسائیکل کی چیکنگ جاری ہے پولیس نے عوام سے اپیل کی ہیں کے آپنی گاڈی اور موٹرسائیکل کی اوریجنل کاغذات ساتھ رکھے ۔
You might also like