پاکستانی جہازوں کیلئے آبنائے ہرمز کھلی ہے، ایرانی قونصل جنرل – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

پاکستانی جہازوں کیلئے آبنائے ہرمز کھلی ہے، ایرانی قونصل جنرل

کراچی: کراچی میں ایران کے قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادے نے کہا ہے کہ پاکستانی جہازوں کے لیے آبنائے ہرمز کھلی ہے۔

 

ایک گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ خام تیل یا گیس لے جانے والے جہاز ایرانی حکومت سے رابطہ کر کے آبنائے ہرمز سے گزر سکتے ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سمیت دیگر کئی ممالک کے جہازوں کو بھی اس راستے سے گزرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

 

ایرانی قونصل جنرل کے مطابق آبنائے ہرمز صرف امریکا، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کے لیے بند ہے، جبکہ دیگر ممالک کے لیے یہ بین الاقوامی تجارت کے لیے کھلی ہے، سوائے ان ممالک کے جو جارحیت میں ملوث ہیں۔

 

ادھر اطلاعات کے مطابق ایک پاکستانی پرچم بردار آئل ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے ایران کے ساحل کے قریب سے گزر کر محفوظ راستہ اختیار کرنے والا تازہ ترین جہاز بن گیا ہے۔

 

رپورٹس کے مطابق پاکستانی جہاز “کراچی” اتوار کے روز ایرانی جزائر لارک اور قشم کے درمیان ایک تنگ راستے سے گزرا اور بعد ازاں ساحل کے ساتھ ساتھ خلیج عمان کی جانب روانہ ہو گیا۔ اس بحری جہاز پر 8 کروڑ لیٹر سے زائد تیل موجود ہے۔

 

تجزیہ کاروں کے مطابق ایرانی ساحل کے قریب سے گزرنا ایک محفوظ راستے کی نشاندہی کرتا ہے، جبکہ ایران کا غیر رسمی بحری نگرانی کا نظام بھی سامنے آیا ہے۔

 

مزید یہ کہ اس پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے ایرانی منظوری اہم ہو چکی ہے۔ بھارت اور ترکیے سمیت کئی ممالک نے ایران سے محفوظ راہداری کی درخواست کی ہے، جبکہ بیمہ ادارے اور بینک اس راستے پر بڑھتے خطرات کے باعث تشویش میں مبتلا ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.