پاکستان ہمیشہ مملکت سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا اور خطے میں امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا” وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو یقین دہانی کرادی
لاہور (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے سرکاری دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، سعودی عرب سے واپس روانگی کے وقت جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رائل ٹرمینل پر مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبد العزیز ، ریاض میں تعینات پاکستان کے سفیر احمد فاروق ، جدہ میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کو الوداع کیا تھا۔
قبل ازیں مختصر دورے کے دوران وزیراعظم پاکستان نے جدہ میں مملکتِ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے کی ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
ملاقات کے آغاز میں وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے مملکت سعودی عرب کی طویل المدتی حمایت پر گہری ستائش کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے ان آزمائشی حالات میں مملکت سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھا جائے گا۔وزیراعظم نے ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ مملکت سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا اور خطے میں امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔