بنگلہ دیش: سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی طبیعت مزید بگڑ گئی – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

بنگلہ دیش: سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی طبیعت مزید بگڑ گئی

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی طبیعت مزید بگڑ گئی ہے، جس کے بعد ان کے اہلِ خانہ اور پارٹی رہنماؤں نے عوام سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق 80 سالہ خالدہ ضیا کو 23 نومبر کو پھیپھڑوں کے انفیکشن کی علامات ظاہر ہونے پر ہسپتال داخل کیا گیا تھا، پارٹی رہنماؤں کے مطابق وہ اس وقت انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) میں زیرِ علاج ہیں۔

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے رہنما مرزا فخرال عالمگیر نے 28 نومبر کی رات صحافیوں کو بتایا کہ ’ڈاکٹروں نے ہمیں آگاہ کیا ہے کہ ان کی حالت تشویش ناک ہے‘۔

بی این پی کے کئی سینئر رہنما اور پریشان کارکنان سابق وزیر اعظم کی خیریت دریافت کے لیے مقامی ہسپتال پہنچ رہے ہیں۔

انگریزی اخبار دی ڈیلی اسٹار کے مطابق خالدہ ضیا کو دل، جگر اور گردوں کے مسائل کا سامنا ہے، اس کے علاوہ انہیں شوگر، پھیپھڑوں کے مسائل اور آنکھوں کی بیماری کا بھی سامنا ہے۔
اخبار نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ ان کے دل میں مستقل پیس میکر لگایا گیا ہے، اس سے قبل وہ پہلے دل کی شریانوں میں اسٹنٹس بھی لگوا چکی ہیں۔

2008 سے لندن میں مقیم خالدہ ضیا کے بڑے بیٹے طارق رحمان نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پر عوام سے اپنی والدہ کی صحت کے لیے دعا کی درخواست کی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.