دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت بھر میں اسلاموفوبیا کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافے پر گہری تشویش ہے۔
پاکستان، بھارت کی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنے تمام شہریوں کے حقوق اور سلامتی کو یقینی بنائے، خواہ ان کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو۔
وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کو نفرت انگیز تقاریر، امتیازی سلوک اور ریاستی سرپرستی کے ذریعے نشانہ بنانا بین الاقوامی برادری کے لیے سنگین تشویش کا باعث ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے وقت میں جب تحمل اور مفاہمت کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، مذہبی منافرت کو سیاسی یا نظریاتی مقاصد کے لیے جان بوجھ کر ہوا دینا، بین الاقوامی انسانی حقوق کی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی ہے اور یہ نہ صرف فرقہ وارانہ ہم آہنگی بلکہ علاقائی استحکام کے امکانات کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔