سیاسی استحکام سے ملک میں معاشی استحکام ممکن اور دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا: بلاول بھٹو – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

سیاسی استحکام سے ملک میں معاشی استحکام ممکن اور دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام سے ملک میں معاشی استحکام آئے گا اور دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا۔

پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے 57 ویں تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک کے 150علاقوں سے مخاطب ہوں، ہماری جماعت تین نسلوں کی جدوجہد کے بعد آج بھی ملک کے کونے کونے میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی یہ طویل جدوجہد پاکستان کی عوام، جمہوریت اور معاشی ترقی کے لیے عوام کے سامنے ہے، ہمارا سفر شہید ذوالفقار علی بھٹو سے شروع ہوا جنہوں نے نہ صرف جمہوریت کی بنیاد رکھی بلکہ سرزمین بے آئین کو پہلا متفقہ اسلامی جمہوری وفاقی آئین دیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ قائد عوام نے پاکستان کو ایٹمی ہتھیار کا تحفہ دیا جس کی بدولت پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کے خلاف تحفظ فراہم کیا تھا، بدقسمتی سے پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم کو عدالتی قتل کے ذریعے شہید کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا عوام قائد عوام کی سوچ کو پاکستان کے مسائل کا حل سمجھتے ہیں، انہوں نے اس ملک کو سب سے پہلے عوام دوست معاشی پالیسی دی تھی، روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر اور انقلابی اصلاحات کرنے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار عوام کو فائدہ پہنچا۔

ان کا کہنا تھا کہ آمروں نے پاکستان پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کے لیے تمام طریقہ کار اختیار کیے مگر عوام کے ساتھ، کارکنوں کے خون اور محنت کی وجہ سے ہماری جماعت شہید محترمہ بینظیر کی قیادت میں موجود رہی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ایک نہتی لڑکی نے پارٹی کی قیادت کرتے ہوئے ایک نہیں دو آمروں کا مقابلہ کیا، شہید بے نظیر بھٹو نے مشکل حالات کے باوجود تمام سازشوں کا سامنا کیا، انہیں شہید نہ کیا جاتا تو وہ تیسری بار ملک کی وزیر اعظم بنتی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.