ماورائے عدالت قتل و تشدد روکنے کیلئے پولیس کی مؤثر نگرانی ناگزیر ہے: سپریم کورٹ – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

ماورائے عدالت قتل و تشدد روکنے کیلئے پولیس کی مؤثر نگرانی ناگزیر ہے: سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے پولیس کی حراست میں موجود ملزمان پر تشدد اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات کے خلاف فیصلہ جاری کردیا کہ تشدد، غیر انسانی و توہین آمیز سلوک اور ذاتی وقار کی پامالی کسی صورت جائز نہیں۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے پولیس کی حراست میں موجود ملزمان پر تشدد اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف 7 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا، جس میں قرار دیا گیا ہے کہ بعض اوقات پولیس کی جانب سے تشدد ماورائے عدالت قتل کا باعث بنتا ہے، کیوں کہ وہ استثنیٰ کے مفروضے کے تحت ملزم کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے یہ طریقہ اختیار کرتے ہیں۔

سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اس عمل کو روکنے کے لیے پولیس فورس پر مؤثر اور خصوصی نگرانی ناگزیر ہے، زندگی کے حق کو سب سے اعلیٰ انسانی حق قرار دیا گیا ہے، اور آئین ذمہ داری عائد کرتا ہے کہ ریاست ہر شہری کے حقِ زندگی کا تحفظ کرے، حراستی تشدد اور قتل کو روکے۔

فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ غیر قانونی حراست، گرفتاری، تشدد، ماورائے عدالت قتل کیخلاف یہ آئینی ضمانتیں قانونی اصولوں کی اساس ہیں، غیر قانونی حراست اور تشدد کسی بھی صورت میں پسندیدہ ہیں نہ ہی قابلِ جواز ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.