جمعیت علمائے اسلام (ف) نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے عہدے کے لیے پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی کو نامزد کرنے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حمایت کرنے پر اتفاق کر لیا۔
واضح رہے کہ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے، جب پی ٹی آئی نے باضابطہ طور پر محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بنانے کی درخواست دی ہے، ان کی جماعت اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان (ٹی ٹی اے پی) کا حصہ ہے، جس میں پی ٹی آئی سمیت 6 جماعتیں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے ایوان زیریں میں قائد حزب اختلاف کی نشست 5 اگست کو پی ٹی آئی کے عمر ایوب خان کی نااہلی کے بعد سے خالی ہے۔
جے یو آئی (ف) کی جانب سے آج ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کا ایک وفد اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر پہنچا، ’ جہاں جے یو آئی (ف) نے محمود خان اچکزئی کی نامزدگی کی حمایت پر رضامندی ظاہر کی۔’