امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا گھر کے کپڑے چوک میں دھونے کے مترادف ہے اور بیرونی ادارے کو ملکی معاملات میں دخل اندازی کے لیے خط قومی مفاد میں نہیں۔
اپنے ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے سربراہ قوم سے معافی مانگ کر استعفیٰ دیں، موجودہ الیکشن سے پاکستان کی بدنامی ہوئی اور امریکا نے بھی پاکستان میں الیکشن کا آڈٹ کروانے کا کہہ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن جمہوریت بچاؤ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا اور ہم الیکشن اصلاحات پر قومی ڈائیلاگ شروع کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے قرضوں سے پاکستان کی معیشت مزید تباہ ہوجائے گی، آئی ایم ایف سے آئندہ نسلیں مقروض ہیں اور روز بجلی گیس پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔