قومی کرکٹر صہیب مقصود کا سندھ پولیس پر رشوت لینے کا الزام – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

قومی کرکٹر صہیب مقصود کا سندھ پولیس پر رشوت لینے کا الزام

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز صہیب مقصود کی جانب سے سندھ پولیس پر دورانِ ڈرائیونگ رشوت لینے کا الزام لگایا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ ٹویٹ میں قومی کرکٹر نے کراچی سے ملتان کے سفر کے دوران پیش آنے والے واقعے کا ذکر کیا۔ انہوں نے سندھ پولیس پر ہر 50 کلومیٹر بعد رشوت لینے کا الزام لگایا۔

اس حوالے سے ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ‘کراچی میں ہمارا آخری میچ تھا، ہماری ٹیم کوالیفائی نہ کرسکی۔ میں اور عامر یامین کراچی سے ملتان واپس بذریعہ کار آرہے تھے، میں پہلی دفعہ سندھ میں سفر کر رہا تھا۔’

 

صہیب مقصود نے بتایا کہ ‘رات 12 بجے کا وقت تھا کہ سکرنڈ کے مقام پر ٹول پلازہ کلیئر کرنے کے بعد ایک چوکی کے پولیس اہلکار سڑک کے آگے آکر کھڑے ہوگئے۔ پولیس کے کہنے پر میں نے انہیں گاڑی کے کاغذات دکھائے۔’

انہوں نے بتایا کہ ‘کاغذات دکھانے کے بعد پولیس اہلکار نے سوال کیا کہ گاڑی کی لائٹس ہائی بیم پر کیوں چل رہی ہیں؟ جس پر میں نے کہا کہ یہ سُنسان روڈ ہے، کچھ نظر نہ  آنے کی وجہ سے لائٹ تیز ہیں، آپ ٹریفک پولیس سے نہیں جو یہ سوال کریں۔’

صہیب مقصود نے بتایا کہ ‘پولیس اہلکار نے کہا کہ اس کا 1 لاکھ روپے جرمانہ ہے، آپ ہمیں 12 ہزار روپے دیں ورنہ تھانے چلیں۔’

 

اس حوالے سے کرکٹر عامر یامین نے بھی سندھ پولیس پر رشوت وصولی کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے تعارف کرانے کے باوجود ان سے رشوت لی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.