اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گدھے کا گوشت اور کھالیں ایکسپورٹ کرنے کی منظوری دیدی – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گدھے کا گوشت اور کھالیں ایکسپورٹ کرنے کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی عارضی درآمد، مختلف وزارتوں کیلئے فنڈز اور گوادر سے گدھے کا گوشت اور کھالیں ایکسپورٹ کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی) کا اجلاس ہوا۔

وزارت خزانہ کے مطابق ای سی سی کے اجلاس میں پی آئی اے کے واجبات کے لیے 5 ارب 98 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، پنشن، تنخواہوں اور میڈیکل ادائیگیوں کیلئے فنڈز جاری ہوں گے۔

 

وزارت خزانہ کے مطابق گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی عارضی درآمد کی اجازت دینے، گوادر سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد کی منظوری دی دے گئی جب کہ بجلی کمپنیوں کے معاہدے کا معاملہ مزید غور کے لیے بھیج دیا گیا۔

ای سی سی نے جبری مشقت سے بنی اشیاء کی درآمد پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔ بلوچستان میں افسران کے لیے 31 کروڑ 10 لاکھ روپے، نیب کی ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے 37 کروڑ 20 لاکھ روپے اور قومی ہاکی ٹیم کے لیے 3 کروڑ روپے انعام کی منظوری دے دی گئی۔

 

اجلاس میں ای سی سی کو مہنگائی کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ضروری اشیاء کی قیمتیں مستحکم ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ اجلاس میں قیمتوں کے استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

بتایا گیا کہ ٹماٹر، پیاز، آٹا، لہسن اور ایل پی جی سستی ہوئیں، چینی کی قیمت میں بھی کمی کا رجحان ہے، انڈے، چکن، دالیں، گھی اور دودھ کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا، حساس قیمتوں کے اشاریہ میں کمی کا رجحان جاری ہے۔

دوران اجلاس استعمال شدہ گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی عارضی درآمد اور مرمت کے بعد دوبارہ برآمد کے ایک سالہ پائلٹ منصوبے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔

اجلاس میں گوادر سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد سے متعلق موجودہ ذخیرے کو قواعد کے مطابق فروخت کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق پبلک سروس آبلیگیشن معاہدے کا معاملہ مزید غور کے لیے متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.