ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ منسلک پرتگال کے جھنڈے والے بحری جہاز کے عملے کو قونصلر رسائی دے دی گئی ہے اور توقع ہے کہ انہیں رہا کر دیا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی خبر کے مطابق ایرانی میڈیا نے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کے اس اہم بیان کو رپورٹ کیا ہے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اپنے پرتگالی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’جہاز کے عملے کی رہائی کا انسانی مسئلہ ہمارے لیے سنگین تشویش کا باعث ہے۔‘
میڈیا رپورٹ میں ان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شپ کا عملہ تہران میں ان کے سفارت کاروں کے حوالے کر دیا جائے گا، میڈیا رپورٹس میں یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ پیش رفت کب تک ہوگی۔