ایران کے دارالحکومت تہران میں پاکستانی سفارتخانے اور سفیر کی رہائشگاہ کے قریب شدید بمباری کی گئی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی سفارتخانے کے سامنے ایرانی فوج کا مرکز “ارتش” واقع ہے، جبکہ پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو پاسداران کے علاقے میں مقیم ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ رات تقریباً 8 بجے دونوں علاقوں میں شدید دھماکے ہوئے، تاہم پاکستانی سفارتخانہ اور سفیر کی رہائشگاہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو تہران میں تقریباً بیس سفارتی عملے کے ہمراہ معمول کے مطابق اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ایک سینئر سفارتکار نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دھماکوں کی شدید آوازیں سنی گئیں اور عملہ پریشان ہوا، تاہم تمام اہلکار محفوظ ہیں اور خطرناک ماحول کے باوجود اپنی ڈیوٹیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔