بھارتی فوج کے سربراہ (آرمی چیف) جنرل اپیندر دیویدی نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’آپریشن سندور‘ کے دوران کی جانے والی سرجیکل اسٹرائیکس پاکستان کے لیے ایک واضح پیغام تھا کہ دہشت گردی کے حامیوں کو بخشا نہیں جائے گا، دشمن کے خلاف سخت کارروائی اب بھارت کا ’نیا معمول‘ بن چکا ہے۔
جنرل دیویدی نے کارگل وار میموریل پر وجے دیوس کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن سندور پاکستان کے لیے ایک پیغام تھا اور پہلگام دہشت گرد حملے کا جواب بھی تھا، جو پوری قوم کے لیے ایک گہرا زخم تھا، اس بار بھارت نے صرف سوگ نہیں منایا بلکہ یہ دکھایا کہ ہمارا جواب فیصلہ کن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کے خلاف سخت کارروائی اب بھارت کا ’نیا معمول‘ بن چکا ہے۔
جنرل اپیندر دیویدی نے کہا کہ قوم کی طرف سے دکھائے گئے اعتماد اور حکومت کی جانب سے دی گئی مکمل آزادی کے باعث، بھارتی فوج نے ایک مؤثر اور بھرپور سرجیکل کارروائی کی، جو قوت بھارت کی یکجہتی، سالمیت اور خودمختاری کو چیلنج کرے گی یا عوام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گی، اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا، یہی بھارت کا نیا معمول ہے۔