پاکستان آئیڈل کا دوسرا سیزن فیصل آباد کی حرا قیصر کے نام رہا جنہوں نے اتوار کو ہونے والے فائنل میں کامیابی حاصل کی۔
پاکستان آئیڈل کا ٹائٹل جیتنے والی حرا قیصر کا تعلق متوسط گھرانے سے ہے ، انہوں نے پورے مقابلے میں شاندار پرفارمنس دکھا کر لوگوں اور ججوں کے دل جیتے۔
جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے حرا قیصر کا کہنا تھا کہ ‘اب وہ اپنے خواب پورے کریں گی، ان کی یہ کامیابی ان کے والدین اور گھر والوں کی دعاؤں کے باعث ممکن ہوئی’۔
دوسری طرف حرا قیصر نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میری پوری فیملی اس سفر میں مجھے بہت سپورٹ کرتی رہی، امی، بہنیں اور شوہر! پہلے پہل میرے بھائی کو تھوڑا مسئلہ تھا مگر پھر اُنہوں نے بھی ساتھ دینا شروع کردیا اور کہا کہ تم یہ مقابلہ جیتو گی‘۔
ملک میں موسیقی کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان آئیڈل فیصل آباد کی حرا قیصر نے جیت لیا
اُنہوں نے بتایا کہ ’موسیقی کے حوالے سے مجھے جو کچھ بھی آتا ہے وہ سب میرے والد قیصر علی کی وجہ سے ہے جو 8 سال پہلے اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں‘۔
حرا نے بتایا کہ ’میں نے آٹھویں جماعت تک تعلیم حاصل کی اور پھر 2013 میں میری شادی ہوگئی‘۔
انعامی رقم کی بات کی جائے تو گلوکارہ کو مقابلہ جیتنے پر 15 لاکھ روپے کی انعامی رقم ملی۔
اس حوالے سے پاکستان آئیڈل سیزن ٹو کی فاتح قرار پانے پر ملنے والے انعام کے بارے میں حرا قیصر کا کہنا تھا کہ ’مجھے 15 لاکھ روپے انعام ملے گا، میں نے پہلے دن سے ہی یہ سوچ رکھا تھا کہ اگر میں یہ مقابلہ جیت گئی تو ملنے والی انعامی رقم سے اپنے بچوں کے لیے چھت بناؤں گی‘۔