اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )کے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان سعودی عرب نے گریٹر اسرائیل منصوبہ مسترد کردیا ۔
او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس جدہ میں شروع ہو گیا ہے جس میں غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا جا رہا ہے، اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کر رہے ہیں۔
اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور امداد کی رسائی یقینی بنائی جائے، گریٹر اسرائیل منصوبے کو مسترد کرتے ہیں، مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کا قیام منظور نہیں، آزاد فلسطینی ریاست کا قیام نہایت ضروری ہے۔
اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ گریٹر اسرائیل منصوبہ ناقابل قبول ہے، اسرائیل کا منصوبہ امن کیلئے خطرہ ہے، غزہ میں انسانی امداد کی مکمل اور محفوظ رسائی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کہ جبری بے دخلی اور غیرقانونی قبضے کا جلد خاتمہ یقینی بنایا جائے، پاکستان عرب ملکوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ غزہ میں معصوم فلسطینیوں کا خون بہایا جا رہا ہے، ہسپتالوں، سکولوں، کیمپوں پر حملے انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، غزہ میں اسرائیلی قبضے کا منصوبہ ناقابل قبول ہے، ہم فلسطینی عوام اور ان کے حقوق کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمیں دو ریاستی حل کے حصول کی امید ہے، غزہ میں جبری قحط انسانیت کے خلاف جرم ہے۔
اہم اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی اہم رکن ممالک کے ہم منصبوں سے دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔
اسلامی تعاون تنظیم کے اس اجلاس میں رکن ممالک کے وزرا خارجہ اور سینئر حکام شریک ہیں تاکہ فلسطین میں جاری اسرائیلی فوجی جارحیت، غزہ پر مکمل فوجی کنٹرول کے مجوزہ منصوبے اور فلسطینیوں کے حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیوں کے تناظر میں مربوط ردعمل پر غور کیا جا سکے۔
Next Post
You might also like