چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے ہوئے کہا ہے کہ کوئی تو وجہ ہے کہ شیر شکار کے لیے نکل ہی نہیں رہا۔ وہ چاہتا ہے کہ کوئی دوسرا میرے لیے شکار کردے۔
گجرات میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ جو کہتے تھے کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں موجود نہیں ہے، وہ جو کہتے تھے کہ ان کا ہم سے مقابلہ ہی نہیں ہے، آج کل وہ خود دن رات پیپلز پارٹی پیپلز پارٹی ہی کہہ رہے ہیں۔ اگر کوئی الیکشن مہم میں سنجیدہ ہے تو وہ بھٹو شہید کے جیالے ہیں، اگر کوئی انتخابی مہم چلا رہا ہے تو وہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے پختونخوا، پنجاب، سندھ، بلوچستان، ہر جگہ پر کنونشنز اور جلسے کیے ہیں، دورے کیے ہیں مگر ہمارے مخالفین تو گھر سے نکل ہی نہیں رہے۔ انہوں نے شرکا سے مخاطب ہوتے ہوئے پوچھا کہ آپ نے اتنے الیکشن دیکھے ہیں، کیا آپ نے پہلے کبھی انہیں اتنا خوفزدہ دیکھا ہے؟۔ کوئی تو وجہ ہے کہ شیر شکار کے لیے نہیں نکل رہا بلکہ وہ کہتا ہے کہ کوئی اور میرا شکار بھی کرے، کوئی اور میرے شکار کابندوبست کرے، جب سب تیار ہو تو پھر بادشاہ باہر آ جائے گا۔