ہمیں سرگودھا جانے کی اجازت دی جائے ورنہ پورا ملک بند رہے گا، فضل الرحمان
جعمیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پورا ملک جام کرنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ ہمیں سرگودھا جانے کی اجازت دی جائے، ورنہ پورا ملک بند رہے گا۔
مولانا فضل الرحمن کا قافلہ ملتان روڈ پر رواں دواں ہے جو کو سرگودھا جارہا ہے، قافلہ ملتان روڈ پر ٹریفک میں پھنسا ہوا ہے۔
ملتان روڈ پر ٹھوکر کے قریب خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے عمداً ہمارا راستہ روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کی ہیں، ہم پُرامن لوگ ہیں، بڑے نظم و ضبط کے ساتھ جا رہے ہیں، ہمارا راستہ کھولا جائے، ہم کوئی جرم یا ہنگامہ کرنے نہیں جا رہے، اپنے آئینی اور جمہوری حق کو استعمال کر رہے ہیں، ہمیں سرگودھا جانے کی اجازت دی جائے، ورنہ پورا ملک بند رہے گا۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ کوہستان سے چترال، چمن سے مکران اور کراچی تک آپ کی استقامت کے باعث ملک بند ہو چکا ہے، وہ تھک جائیں گے، ہم نہیں تھکیں گے، ہم نے اپنی پوری تاریخ امن کے ساتھ رقم کی ہے، ہم انسانی جان کی قدر اور تحفظ کو سمجھتے ہیں، ہم اپنا خون دینے کے لیے تیار ہیں، کارکن ڈٹے رہیں، انہیں ہمارا راستہ کھولنا پڑے گا۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم ہر قیمت پر اپنی منزل تک پہنچیں گے، چاہے ہمیں جان ہی کیوں نہ دینی پڑے، ایک طرف ان کے جبر کی انتہا ہے اور دوسری طرف ہمارے صبر کی انتہا ہے، یہ صبر کا مقابلہ ہے اور ان شاء اللہ صبر ہی جیتے گا، بے شک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے، ہم اپنا حق حاصل کریں گے، قوم اور عوام کو ان کا حق دلائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سول سپرمیسی کو طاقت دلانا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پولیس، ڈپٹی کمشنر اور کمشنر قانون کے تابع ہوں، کسی جابر قوت کے اشاروں پر نہ چلیں، ہم انتظامی افسران کو آزاد کرانا چاہتے ہیں، ہم آپ کی بھی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔