ڈیرہ مراد جمالی کے قریب سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 مبینہ دہشت گرد زخمی ہو گئے۔
سرکاری حکام نے بتایا کہ مسلح افراد علاقے میں پہنچے اور ڈیرہ مراد جمالی کے قریب بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کے زیر تعمیر کیمپس پر حملہ کر دیا۔
کالج کیمپس پر حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں، علاقے کو گھیرے میں لیا اور حملہ آوروں کے خلاف جوابی کارروائی کی، کچھ دیر تک بھاری فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں 3 شدت پسند زخمی ہوئے۔
تاہم، فائرنگ کے بعد حملہ آور اپنے تین زخمی ساتھیوں کو لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے دوران ڈرونز کا بھی استعمال کیا، کالج کیمپس پر فائرنگ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
منگوچر سے 2 لاشیں برآمد
ادھر منگوچر کے علاقے بدرنگ کی پہاڑی رینج میں 2 افراد مردہ حالت میں ملے، جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔
علاقہ مکینوں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی، علاقے کو گھیرے میں لیا اور لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا، ہسپتال کے ایک اہلکار کے مطابق ’اموات کی وجہ جسم پر متعدد گولیوں کے زخم تھے‘۔
بعدازاں مقتولین کی شناخت شیخری گاؤں کے رہائشی قطب علی اور ضلع قلات کے جوہان علاقے سے تعلق رکھنے والے علی محمد کے طور پر ہوئی۔
حب میں خاتون اور مرد قتل
حب میں الگ الگ مسلح حملوں میں ایک خاتون اور ایک مرد کو قتل کر دیا گیا، پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے ایک خاتون پر فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔
اسی طرح جیم کالونی میں ایک نوجوان کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا، دونوں مقتولین کی شناخت فوری طور پر نہیں ہو سکی۔