قومی اور پنجاب اسمبلی کی 13 نشستوں پر ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

قومی اور پنجاب اسمبلی کی 13 نشستوں پر ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کی 13 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا، اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہا۔

زیادہ تر نشستیں اس وقت خالی ہوئی تھیں، جب پی ٹی آئی کے وہ اراکین نااہل قرار پائے تھے جنہیں سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 مئی 2023 کے پُرتشدد واقعات میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر سزائیں سنائی گئی تھیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور، این اے 96 فیصل آباد، این اے 104 فیصل آباد، این اے 129 لاہور، این اے 143 ساہیوال اور این اے 185 ڈیرہ غازی خان میں پولنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 79 سرگودھا، پی پی 87 میانوالی، پی پی 98 فیصل آباد، پی پی 115 فیصل آباد، پی پی 116 فیصل آباد، پی پی 203 ساہیوال اور پی پی 269 مظفر گڑھ کی نشستوں پر بھی اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے عوام نے ووٹ ڈالا۔

پنجاب میں ضمنی انتخابات کے آغاز کے ساتھ ہی صوبے کی قومی اور صوبائی نشستوں پر 20 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

اسی دوران، الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ضابطہ اخلاق کے مطابق مسلح افواج کے جوان اُن پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعینات رہیں گے، جنہیں ’انتہائی حساس‘ قرار دیا گیا ہے، جب کہ باقی اسٹیشنوں پر وہ بطور تیسرے درجے کے فوری ردعمل کے لیے تیار رہیں گے۔

اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئین کے آرٹیکل 245، قانون اور الیکشن کمیشن کے مینڈیٹ کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

مقررہ پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعیناتی کے دوران، انہیں صرف محفوظ ماحول یقینی بنانے، قوانین کی مکمل پاسداری کرنے، ووٹرز کے تحفظ اور پولنگ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے پر توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہیں یہ اختیار نہیں ہوگا کہ وہ کسی اہل ووٹر کو پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے سے روکیں، سوائے اُن صورتوں میں جب کوئی شخص اسلحہ، دھماکا خیز مواد یا ممنوعہ اشیا لے کر آئے، یا تشدد بھڑکانے یا قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کرے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.