بھارت نے اعلان کیا ہے کہ وہ 24 جولائی سے چینی شہریوں کو سیاحتی ویزے جاری کرنا دوبارہ شروع کرے گا۔
بھارتی سفارتخانے نے بدھ کو چین میں اس فیصلے کا اعلان کیا، یہ پانچ برس بعد پہلا موقع ہے جب دونوں ممالک اپنے کشیدہ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
2020 میں ہمالیہ کی متنازع سرحد پر ہونے والی فوجی جھڑپ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی، بھارت نے چینی سرمایہ کاری پر پابندیاں عائد کرتے ہوئے سیکڑوں مشہور چینی ایپس پر پابندی لگاکر مسافروں کی آمدورفت محدود کر دی تھی۔
چین نے بھی کورونا وبا کے دوران بھارتی شہریوں اور دیگر غیر ملکیوں کے لیے ویزے معطل کر دیے تھے، لیکن 2022 میں ان پابندیوں کو اٹھا لیا گیا تھا اور طلبہ و کاروباری افراد کو ویزے کو اجرا شروع کردیا تھا۔
تاہم بھارتی شہریوں کے لیے سیاحتی ویزے محدود ہی رہے، یہاں تک کہ رواں سال مارچ میں دونوں ممالک نے براہِ راست فضائی سروس دوبارہ بحال کرنے پر اتفاق کیا۔