انسانی حقوق کی 100 سے زائد تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں’ اجتماعی قحط’ پھیل رہا ہے، جبکہ صہیونی حکومت محصور ساحلی علاقے میں بھوک کے ذریعے نسل کشی کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
111 تنظیموں، جن میں ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف)، سیو دی چلڈرن، اور آکسفیم شامل ہیں، کے مشترکہ اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ ’ ہمارے ساتھی اور جن کی ہم خدمت کرتے ہیں وہ تیزی سے لاغر ہوتے جا رہے ہیں۔’
ان تنظیموں نے غزہ میں فوری جنگ بندی، تمام زمینی راستے کھولنے اور اقوام متحدہ کی زیر قیادت امدادی ساز و سامان کی ترسیل کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں انسانی ہمدردی کی تنظیموں نے نشاندہی کی کہ امدادی گوداموں میں ہزاروں ٹن سامان موجود ہے جو علاقے کے باہر اور اندر بھی رکھا ہے، مگر اسے متاثرین تک پہنچانے میں رکاوٹیں ہیں۔