معروف پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے جمعہ کے روز نیپال میں واقع دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی ماؤنٹ کنچن جنگا (8 ہزار 586 میٹر) کو سر کر لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی وہ 8 ہزار میٹر سے بلند دنیا کی 12 بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں۔
یہ سمٹ 8 ہزار میٹر سے بلند دنیا کی 14 چوٹیوں کی فہرست مکمل کرنے کی جانب ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے معروف نیپالی کوہ پیما اور امیجن نیپال کے بانی منگما جی نے تصدیق کی کہ نائلہ کیانی نے مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے کنچن جنگا کی چوٹی پر قدم رکھا۔
ان کے مطابق کامیابی کے بعد مہم جو ٹیم نے کیمپ فور میں اترنا شروع کیا اور بیس کیمپ کی طرف بڑھ رہی تھی۔
الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری قرار حیدری نے نائلہ کیانی کو اس شاندار کارنامے پر مبارکباد دی۔
نائلہ کیانی کی ٹیم کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یہ کارنامہ نہ صرف پاکستانی کوہ پیمائی کی تاریخ میں اہمیت رکھتا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی نائلہ کیانی کے مقام کو مستحکم کرتا ہے۔ وہ دنیا کی 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیوں کو سر کرنے کے قریب ہیں اور ایسی صرف 20 سے کم خواتین میں شامل ہونے جارہی ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔