کوئٹہ(آن لائن)کیسکو کیجانب سے عید کے دنوں میں لوڈشیڈنگ اور مجموعی کارکردگی پر مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان نے ایک مرتبہ پھر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے، گزشتہ روز کوئٹہ پریس کلب کے باہر مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے کیے گئے دعوے ایک مرتبہ پھر کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں، ترجمان کاشف حیدری نے کیسکو کیجانب سے عید کے دنوں میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے پر بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حسب روایت کیسکو عید سے قبل بڑے بڑے دعوے کیے کہ لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی مگر حقیقت اس کے برعکس رہی اور شہر کے مختلف علاقوں میں کئی کئی گھنٹوں تک بجلی کی بندش جاری رہی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے کہا کہ عید جیسے اہم موقع پر بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو اذیت میں مبتلا رکھا اور تاجروں کے کاروبار کو بری طرح متاثر کیا، انہوں نے کہا کہ بار بار کے اعلانات اور عملی کارکردگی میں واضح فرق نے ادارے کی ساکھ کو بری طرح مجروح کیا ہے جبکہ شہری شدید ذہنی کوفت اور پریشانی کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ بجلی کی غیر یقینی فراہمی کے باعث چھوٹے تاجر اور دکاندار مالی نقصانات برداشت کرنے پر مجبور ہیں اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ کیسکو عوام اور تاجروں سے ماہانہ ہزاروں روپے سے لے کر لاکھوں روپے تک بل وصول کرتی ہے جبکہ عملی سہولت کا نام و نشان نہیں، اور اب یہ خود جو دعوں کے مطابق عید کے موقع پر عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے لوڈشیڈنگ عید کے تینوں دن نہیں کی جائے گی، وہ اپنے وعدوں پر عمل کرنے میں مکمل ناکام دکھائی دے رہی ہے، انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عوام اور تاجر برادری کا اعتماد مکمل طور پر ختم ہو جائے گا اور آئندہ اس طرح عوام کو گمراہ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے بصورت دیگر تاجر برادری احتجاج پر مجبور ہوگی۔
Next Post
You might also like