پاکستان اور روس نے دہشت گردی سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے دہشت گردی کی مالی معاونت سے نمٹنے اور انسداد دہشت گردی کے دیگر اہم شعبوں میں مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق بین الاقوامی دہشت گردی اور سلامتی کو درپیش دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے بارے میں پاکستان روس مشترکہ ورکنگ گروپ کا دسواں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
جمعہ کو دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایڈیشنل سیکریٹری وزارت خارجہ سید حیدر شاہ نے پاکستان جبکہ روسی فیڈریشن کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ورشینن نے روس کی طرف سے اجلاس کی مشترکہ طور پر صدارت کی۔