عمران خان کی ایک آنکھ نارمل ہو چکی ، اہلیہ سے 84 ملاقاتیں کروائیں ، سپرنٹنڈنٹ جیل کی سپریم کورٹ میں رپورٹ
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور ملاقاتوں سے متعلق 2 صفحات پر مشتمل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متعدد سرکاری معالجین عمران خان کا چیک اپ کرتے ہیں۔ عمران خان اور ان کی اہلیہ کی ہر منگل کو جیل رولز کے تحت باقاعدگی سےملاقات کرائی جاتی ہے، دونوں کی اب تک 84 ملاقاتیں کرائی جا چکی ہیں، وکیل سلمان صفدر بھی 10 فروری اور 4 اپریل 2026 کو عمران خان سے ملاقات کر چکے ہیں۔
رپورٹ میں ہائیکورٹ کے فیصلے میں سلمان اکرم راجہ کی جانب سے عدالت میں دی گئی یقین دہانی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے کہا تھا ملاقات کے بعد جیل احاطے میں میڈیا سے گفتگو نہیں کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق عدالتی حکم نامے کے باجود میڈیا ٹاک کرکے خلاف ورزی کی گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا سنگل بینچ شیر افضل کیس میں جیل رولز 265 کو خلاف قانون قرار دے چکا ہے، جیل میں ملاقاتوں کے ذریعے عدلیہ، خارجہ پالیسی، قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے خلاف عوامی جذبات کو ابھارا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ میڈیکل افسران بانی پی ٹی آئی کے دن میں 3 مرتبہ کھانے پینے کی جانچ اور میڈیکل چیک اپ کرتے ہیں، اس کے ساتھ متعدد سرکاری معالجین عمران خان کا چیک اپ کرتے ہیں جس کا ریکارڈ موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق ماہر امراض چشم سے بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا علاج کرایا جاتا رہا ہے، عمران خان کی ایک آنکھ تقریباً نارمل ہو چکی ہے۔
رپورٹ کے ساتھ 4 نومبر 2023 سے 10 اگست 2026 تک 39 مختلف طبی ماہرین کے معائنے کی سمری بھی شامل ہے۔
واضح رہے سپریم کورٹ کے جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کل عمران خان کی صحت اور ملاقوں سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔

