پی ایس ایل 11 کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آج سے شروع ہوگی – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

پی ایس ایل 11 کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آج سے شروع ہوگی

پی ایس ایل کے بقیہ میچز کہاں ہوں گے؟

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے ٹکٹس کی آن لائن فروخت آج سے شروع ہوگی۔

 

پی ایس ایل 11 میں پہلی مرتبہ 8 ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے۔

 

میچز لاہور، کراچی، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور پشاور میں منعقد ہوں گے۔ فیصل آباد اور پشاور پہلی بار ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچز کی میزبانی کریں گے۔

 

ٹکٹوں کی قیمت کے مطابق لاہور اور کراچی میں جنرل ٹکٹ 250 روپے سے شروع ہوگا، جبکہ فیصل آباد میں 300 روپے، اور ملتان اور راولپنڈی میں 400 روپے سے جنرل ٹکٹ دستیاب ہوگا۔

 

ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 8 ٹکٹ خریدنے کی اجازت ہوگی۔ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں محدود تعداد میں ای ٹکٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

 

پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں 28 مارچ کو پشاور زلمی اور پنڈیز کے درمیان ہونے والے میچ کے لیے فیملی انکلوژر مختص کیا گیا ہے۔

 

وی آئی پی فیملی زون کے ٹکٹس 2000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کارپوریٹ باکس بھی دستیاب ہوں گے جبکہ تمام اسٹیڈیمز میں مختلف گیلریز کے ٹکٹس بھی فروخت کیے جائیں گے۔

 

فزیکل ٹکٹس 24 مارچ سے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گے۔

 

پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 11 کے ٹکٹوں کی فروخت ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹکٹوں کی قیمتیں نسبتاً کم رکھنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین اسٹیڈیم آ کر میچز سے لطف اندوز ہو سکیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.