امریکا سے جنگ بندی کیلئےکبھی نہیں کہا،جب تک ضرورت پڑی اپنے دفاع کیلئےتیار ہیں: ایرانی وزیرخارجہ – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

امریکا سے جنگ بندی کیلئےکبھی نہیں کہا،جب تک ضرورت پڑی اپنے دفاع کیلئےتیار ہیں: ایرانی وزیرخارجہ

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران نے امریکا سے جنگ بندی کی کوئی درخواست نہیں کی اور جب تک ضرورت پڑی ملک اپنے دفاع کے لیے تیار رہے گا۔

 

امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے اب تک کسی قسم کے مذاکرات کی خواہش ظاہر نہیں کی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی پیشکش کی ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ایران کسی سیز فائر یا مذاکرات کے لیے آمادہ نہیں اور اپنے دفاع کے لیے جتنی دیر ضروری ہوئی تیار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس مؤقف پر اس وقت تک قائم رہے گا جب تک صدر ٹرمپ یہ تسلیم نہیں کر لیتے کہ یہ ایک غیر قانونی جنگ ہے۔

 

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران مضبوط اور مستحکم ہے اور صرف اپنے عوام کے دفاع کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ ان کے مطابق امریکا سے بات چیت کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی کیونکہ جب ایران مذاکرات کر رہا تھا تو امریکا نے حملہ کر دیا، اس لیے امریکا کے ساتھ بات چیت کا تجربہ اچھا نہیں رہا۔

 

عباس عراقچی کا یہ بھی کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے معاملے پر مختلف ممالک نے ایران سے رابطہ کیا ہے۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور مکمل طور پر شکست کھا چکا ہے، تاہم ان کے بقول وہ فی الحال معاہدہ نہیں کرنا چاہتے کیونکہ موجودہ شرائط مناسب نہیں ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.